مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی فضائی دفاعی نظام نے غزہ کی پٹی کے اطراف میں دو انٹرسیپٹر میزائل فرضی اہداف پر داغ دیے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی خطرے کے سائرن ممکنہ فلسطینی حملے کے شبہے میں بجائے گئے، تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ کوئی حقیقی خطرہ موجود نہیں تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ سدیروت، نیرعام اور کِبوتس مفالسم میں خطرے کے سائرن بجنے پر دفاعی نظام نے ایک میزائل داغا، جو بعد میں غلط ہدف ثابت ہوا۔ چند منٹ بعد مِرام کے علاقے میں ایک اور الارم بجا اور دفاعی نظام نے دوبارہ ایک انٹرسیپٹر فائر کیا، مگر وہ بھی فرضی خطرے پر تھا۔
اسرائیلی میڈیا نے واقعے کو ممکنہ تکنیکی خرابی یا حساس سینسرز کی غلط تشخیص کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سے اسرائیلی دفاعی نظام کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں، خصوصا ایسے وقت میں جب غزہ کے محاذ پر مسلسل کشیدگی برقرار ہے۔
فوجی تجزیہ کاروں کے مطابق آہنی گنبد کہلانے والا اسرائیلی دفاعی نظام اگرچہ راکٹ حملوں سے بچاؤ کے لیے تیار کیا گیا ہے، مگر بارہا اس نوعیت کی غلطیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ نظام پر انتہائی دباؤ اور اندرونی کمزوریوں کے اثرات واضح طور پر نمایاں ہو رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ